ماتلی میں پیپلز پارٹی کے سابق عہدیدار کا10روز کی مہلت، خودسوزی کا اعلان

ماتلی (رپورٹ اے۔ایم۔گدی۔) پیپلز پارٹی کے بنیادی کارکن اور سابق تعلقہ صدر ماتلی گل محمد سریوال نے اپنے بیٹوں پر 50 ایکڑ زرعی زمین، گھر، اوطاق، لائسنس یافتہ اسلحے اور دیگر سامان پر مبینہ قبضہ کرنے، انہیں گاؤں میں داخل ہونے اور اپنی زمین آباد کرنے سے روکنے کا الزام عائد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر 10 روز کے اندر ان کی شکایت کا ازالہ اور بیٹوں کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو وہ ماتلی پریس کلب کے سامنے خود کو آگ لگا لیں گے، جس کی ذمہ داری ان کے بیٹوں، محکمہ ریونیو اور پولیس پر عائد ہوگی۔ گل محمد سریوال نے پریس کلب کے سامنے احتجاج اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹوں نے دیہہ ڈھرو سینڈی، یوسی مانک لغاری، گوٹھ حاجی الہڈنو سریوال میں واقع ان کی 50 ایکڑ زمین، گھر، اوطاق، لائسنس یافتہ اسلحے اور دیگر سامان پر مبینہ قبضہ کر رکھا ہے اور انہیں نہ گاؤں آنے دیا جا رہا ہے، نہ زمین آباد کرنے اور نہ ہی مقاطعے پر دینے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے معاملے کی شکایت ماتلی کے ایم پی اے دادا حاجی محمد ہالیپوٹو اور پیپلز پارٹی کے تعلقہ صدر محمد صالح ہالیپوٹو سے بھی کی، جنہوں نے ان کے بیٹوں کو ایسا کرنے سے منع کرتے ہوئے لائسنس یافتہ اسلحہ واپس کرنے کی ہدایت کی، جس پر بیٹوں نے رضامندی ظاہر کی تاہم بعد میں اپنے وعدے سے پھر گئے۔ گل محمد سریوال کے مطابق وہ اپنی فریاد لے کر ایس ایس پی بدین کے پاس بھی گئے جہاں انہیں کہا گیا کہ یہ باپ اور بیٹوں کا معاملہ ہے، جبکہ ڈی ایس پی کی جانب سے مبینہ طور پر ان پر اور ان کے مقاطعیداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کہیں شنوائی نہ ہونے اور بیٹوں کے رویے سے وہ شدید مایوسی کا شکار ہیں، اسی وجہ سے انہوں نے 10 روز کی مہلت دیتے ہوئے خودسوزی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کی زمین، گھر، اوطاق، لائسنس یافتہ اسلحے اور دیگر سامان سے متعلق شکایات کا فوری نوٹس لے کر انہیں تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔ گل محمد سریوال کی جانب سے عائد الزامات پر ان کے بیٹوں، پولیس اور محکمہ ریونیو کا مؤقف سامنے نہیں آ سکا۔



