ڈیپلو کے قریب گاؤں ڈابھڑی میں اچانک آگ،4گھر جل کرخاکستر

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی/جانوڈاٹ پی کے)ضلع تھرپارکر کی تحصیل ڈیپلو کے قریب گاؤں ڈابھڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث درس برادری اور حجام برادری کے کئی گھر لپیٹ میں آ گئے۔ آگ کے نتیجے میں 4 گھر مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈیپلو اور مٹھی سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ تھر رینجرز نے بھی پانی کے ٹینکروں اور عملے کے ساتھ آگ بجھانے میں حصہ لیا۔ ریسکیو ایمبولینس بھی فوری طور پر پہنچ گئی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ اسسٹنٹ کمشنر ڈیپلو، بھگوان داس، اپنی ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور آگ بجھانے کے عمل کو تیز کیا، جس کے باعث گاؤں کو بڑی تباہی سے بچا لیا گیا۔ تاہم قریبی جنگل میں لگی آگ سے کافی نقصان ہوا۔ دوسری جانب سندھ حکومت کے محکمہ لوکل گورنمنٹ نے تھرپارکر میں آگ کے واقعات سے نمٹنے کے لیے اہم اقدامات کرتے ہوئے مخصوص واٹر بوزرز کو فائر فائٹنگ یونٹس کے طور پر استعمال کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ایم پی اے محمد قاسم سومرو کی درخواست پر ریجنل ڈائریکٹر میرپورخاص سمیت تھرپارکر کی تمام یونین کونسلوں کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ سیکشن آفیسر کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق متعلقہ حکام کو اس منصوبے کی ہفتہ وار پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button