ایران کی پاکستان کے لیے سرحدیں بند کرنے کی خبروں کی تردید، ایل پی جی برآمد پر پابندی نہیں، ایرانی سفیر
ایران نے پاکستان کے لیے سرحدیں بند کرنے کی خبروں کی تردید کردی، ایل پی جی سمیت ایرانی سامان کی برآمد پر پابندی نہیں، ایرانی سفیر

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے پاکستان کے لیے ایرانی سرحدیں بند ہونے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے پاکستان کو ایل پی جی سمیت کسی بھی ایرانی سامان کی برآمد پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی۔
ایرانی سفیر نے اتوار 25 اکتوبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایران کی اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدیں کھلی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں برادر ملک پاکستان کے ساتھ سرحد بند کرنا نہ تو منطقی ہے اور نہ ہی یہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔
رضا امیری مقدم کے مطابق ایران سے پاکستان درآمدات کے لیے ای فارم کے طریقہ کار میں تبدیلیوں کے باعث ایسی صورتحال پیدا ہوئی ہے کہ تاجر عملی طور پر ایران سے پاکستان سامان روانہ کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے پاکستانی حکام سے مشاورت جاری ہے اور دوطرفہ تجارتی سرگرمیاں معمول پر لانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ایرانی سفیر نے مزید بتایا کہ اطلاعات کے مطابق ایل پی جی سے لدے کئی سو ٹرک ایران کی جانب سے رمدان سرحد عبور کرکے پاکستان کے علاقے گبد میں داخل ہو چکے ہیں۔ تاہم، ان کے بقول کئی ہفتے گزرنے کے باوجود ان ٹرکوں سے سامان اتارا نہیں جا سکا اور نہ ہی انہیں کلیئرنس مل سکی ہے، جس سے تجارتی سامان کی نقل و حرکت متاثر ہو رہی ہے۔



