اسرائیلی ڈرون حملے میں یونیورسٹی خون میں نہا گئی،3افراد جاں بحق،طلبہ سمیت8زخمی

غزہ (جانو ڈاٹ پی کے)غزہ شہر کی اسلامی یونیورسٹی پر اسرائیلی ڈرون حملے میں تین افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے۔ اسپتال انتظامیہ اور یونیورسٹی کے عملے نے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق کردی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اتوار کو حملے کے وقت یونیورسٹی میں کلاسز جاری تھیں۔ یونیورسٹی کے عملے سے وابستہ دو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد انتظامی عملے کے ارکان تھے، جبکہ زخمیوں میں طلبہ بھی شامل ہیں۔

غزہ کی وزارت تعلیم نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلبہ اور تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانے کے واقعات پر عالمی برادری کی خاموشی ایسے حملوں کے تسلسل کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔

وزارت تعلیم کے مطابق غزہ کا اعلیٰ تعلیمی شعبہ تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے اور جنگ کے نتیجے میں تعلیمی اداروں کی 95 فیصد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یونیورسٹی پر حملہ تعلیمی شعبے کو نشانہ بنانے والے مسلسل واقعات کا حصہ ہے۔

وزارت تعلیم کے مطابق گزشتہ چھ روز کے دوران اسرائیلی حملوں میں 10 طلبہ اور اساتذہ بھی جاں بحق ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے بتایا کہ اتوار کو غزہ کے دیگر علاقوں میں پیش آنے والے واقعات میں مزید چار افراد جاں بحق ہوئے۔

مزید خبریں

Back to top button