شاداب خان کی بیٹنگ نے انگلینڈ کو مشکل میں ڈال دیا،پاکستان سے شکست کے بعد میکلم کا اعتراف

پریس کانفرنس کرتے ہوئے برینڈن میکلم نے کہا کہ 240 رنز بنانے کے بعد انگلینڈ اچھی پوزیشن میں تھا اور کھلاڑیوں نے مقابلہ کرنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم شاداب خان کی غیرمعمولی بیٹنگ نے میچ کا رخ بدل دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ ٹرائی سیریز میں تین میچز نہیں جیت سکا، لیکن کھلاڑیوں کی جدوجہد قابلِ فخر ہے۔ سری لنکا کے خلاف میچ میں بھی ٹیم نے اچھا کھیل پیش کیا، تاہم نتائج توقعات کے مطابق نہیں رہے۔
میکلم نے کہا کہ ورلڈ کپ سے پہلے ہر سیریز ایک چیلنج ہے اور ٹیم کو جلد از جلد اپنی غلطیوں سے سیکھنا ہوگا۔ شکستوں سے ملنے والے اسباق اہم ہیں اور امید ہے کہ کھلاڑی انہیں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے استعمال کریں گے۔
انگلش ہیڈ کوچ کے مطابق کھلاڑیوں کو انگلینڈ کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے، لیکن بھرپور کوششوں کے باوجود ٹیم جیت کی منزل تک نہیں پہنچ سکی۔ ورلڈ کپ سے پہلے انگلینڈ کے پاس 20 میچز ہیں اور اس دوران جنوبی افریقہ کے چیلنج کے لیے بھی تیاری کرنا ہوگی۔
شاداب خان کے ریویو سے متعلق سوال پر میکلم نے کہا کہ شاداب کو بھی ابتدا میں یقین نہیں تھا کہ وہ ناٹ آؤٹ ہیں، لیکن انہوں نے ریویو لیا اور فیصلہ ان کے حق میں آیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ نے آخری نمبروں پر آنے والے پاکستانی بیٹرز کو آؤٹ کرنے کی حکمت عملی بنائی تھی، مگر کرکٹ میں بعض اوقات منصوبے کامیاب نہیں ہوتے۔



