مارگلہ اسپتال کا نام پاک چائنا فرینڈشپ اسپتال رکھ دیا گیا، وزیراعظم 27 اکتوبر کو افتتاح کریں گے

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے تصدیق کی ہے کہ چک شہزاد میں قائم متعدی امراض کے اسپتال کا نام وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر تبدیل کرکے پاک چائنا فرینڈشپ اسپتال رکھ دیا گیا ہے۔ وزیراعظم 27 اکتوبر کو اسپتال کا افتتاح کریں گے۔

مصطفیٰ کمال کے مطابق 250 بستروں پر مشتمل یہ اسپتال کورونا وبا کے دوران 2020 میں چین نے تعمیر کرکے پاکستان کے حوالے کیا تھا، تاہم 2025 تک یہ غیر فعال رہا۔

وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ اسپتال کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے حوالے کیا گیا ہے۔ تزئین و آرائش کے بعد اب اسے فعال کیا جارہا ہے تاکہ شہریوں کو طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

اسپتال میں زچہ و بچہ سمیت پانچ بڑے طبی شعبے اور جدید آپریشن تھیٹر قائم ہیں۔ حکام کے مطابق یہاں مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button