ڈیرہ اسماعیل خان آپریشن میں 6 دہشت گرد ہلاک، محسن نقوی کا شہید جوانوں کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ انہوں نے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔ شہداء قوم کا مان اور فخر ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ وہ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں، جبکہ پوری قوم کو ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور قربانیوں پر فخر ہے۔



