ڈیرہ اسماعیل خان،سکیورٹی فورسز کا آپریشن،6خوارج ہلاک،پاک فوج کے2جوان شہید

ڈیرہ اسماعیل خان (جانو ڈاٹ پی کے)پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 24 اکتوبر 2026 کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا، جس کے دوران سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 6 خوارج کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔شہید نائیک غلام مرتضیٰ کی عمر 36 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع گجرات سے تھا، جبکہ 30 سالہ سپاہی تاثیر احمد کا تعلق ضلع تلہ گنگ سے تھا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک خوارج سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر متعدد دہشت گرد حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث رہے تھے۔بیان کے مطابق علاقے میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ قومی ایکشن پلان کی ہدایات اور وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی، تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کا خاتمہ کیا جاسکے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق وطن کے دفاع میں جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔



