شہبازشریف کا5لاکھ طلباکوکروم بکس اور انٹرنیٹ دینے کااعلان،2سال میں تقسیم مکمل کرنے کاہدف

کچھ خواب ننھی آنکھوں میں برسوں سے پل رہے ہوتے ہیں، مگر جب وہ اچانک حقیقت بن جائیں تو خوشی کو لفظوں میں بیان کرنا مشکل ہو جاتا ہے،ایسی ہی ایک کہانی گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی مہک صابر کی ہے۔ بچپن سے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کا خواب دیکھنے والی، مدرسے میں زیرِ تعلیم مہک ایک بڑی اسکالر بننے کی خواہش رکھتی ہے۔ آج وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ہاتھوں Chromebook حاصل کرنا اس کے لیے محض ایک تحفہ نہیں، بلکہ اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی ایک نئی امید ہے
#PMYouthChromebookScheme
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) October 25, 2026
اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں منصوبے کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے غیرملکی مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم ہے۔
شہباز شریف کے مطابق کروم بکس کی تقسیم صرف قابلیت اور محنت کی بنیاد پر کی جائے گی۔ طلبہ کو آلات کے ساتھ کتابوں کے لیے بیگ اور انٹرنیٹ مائی فائی ڈیوائسز بھی فراہم کی جائیں گی، تاکہ وہ گھروں میں رہتے ہوئے بھی ای لائبریری اور دنیا بھر کے تعلیمی وسائل سے استفادہ کرسکیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے جس قدر وسائل درکار ہوں گے، فراہم کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم ایسی دولت ہے جسے کوئی چوری نہیں کرسکتا اور یہی انسان کو معاشرے میں ممتاز مقام دلاتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جدید آلات طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں قابل افراد بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
ماضی کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں نواز شریف کی قیادت میں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے چھ لاکھ نوجوانوں میں میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں بتایا تھا کہ تقریب میں ملک بھر سے بڑی تعداد میں نوجوان لڑکے اور لڑکیاں شریک ہورہے ہیں۔



