شاہین آفریدی کی بڑی کامیابی،80ون ڈے میچز میں150وکٹیں مکمل

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)قذافی اسٹیڈیم لاہور میں انگلینڈ کے خلاف سہ ملکی ون ڈے سیریز کے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے اہم سنگ میل عبور کرلیا۔ انہوں نے انگلینڈ کے ان فارم اوپنر ٹام بینٹن کو اننگز کے پہلے ہی اوور میں آؤٹ کرکے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی 150ویں وکٹ مکمل کی۔
ٹام بینٹن گزشتہ چار اننگز میں مسلسل چار نصف سنچریاں اسکور کرچکے تھے، تاہم شاہین آفریدی کی فل لینتھ گیند پر کور کے علاقے میں کیچ دے بیٹھے۔
شاہین آفریدی نے یہ اعزاز اپنے 80ویں ون ڈے میچ میں حاصل کیا۔ پاکستان کے سابق فاسٹ بولرز وقار یونس اور شعیب اختر نے 91، 91 میچز میں 150 وکٹیں مکمل کی تھیں۔
پاکستانی بولرز میں شاہین آفریدی اس سنگ میل تک پہنچنے والے دوسرے تیز ترین بولر ہیں۔ سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق نے 78 ون ڈے میچز میں 150 وکٹیں حاصل کرکے یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔
عالمی سطح پر شاہین آفریدی 150 ون ڈے وکٹیں مکمل کرنے والے مشترکہ طور پر چوتھے تیز ترین بولر بن گئے ہیں۔ نیپال کے سندیپ لامیچھانے نے 73 جبکہ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے 77 میچز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔



