اعلیٰ حکام پولیس کی زیادتیوں کا نوٹس لے کرقانونی کارروائی کریں،ایڈووکیٹ شبیر کنبھار

ٹھٹھہ(نمائندہ خصوصی/جانوڈاٹ پی کے)ٹھٹھہ اور مکلی پولیس نے شہریوں کا جینا دوبھر بنانے کے بعد اب وکلاء بھی غیر محفوظ ہو گئے ہیں۔ پولیس بغیر کسی قانونی جواز کے شہریوں اور وکلاء کے گھروں میں گھس کر بے گناہ لوگوں کو ہراساں کر کے خوف و ہراس پھیلا رہی ہے، جو انسانی حقوق اور آئین کی خلاف ورزی ہے۔ٹھٹھہ کے نامور وکیل شبیر کنبھار اور وکیل جاوید کنبھار نے کہا ہے کہ پولیس نے ان کے گھروں میں بھی زبردستی گھسنے کی کوشش کی تو علاقہ مکینوں نے سخت مزاحمت کی، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار اپنی موٹر سائیکلیں ان کے گھر کے سامنے چھوڑ کر فرار ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ پولیس کی نااہلی اور غیر قانونی کارروائیوں کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پولیس کی ان زیادتیوں کا نوٹس لے کر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور ٹھٹھہ کے شہریوں کو تحفظ فراہم کر کے انہیں پولیس کی زیادتیوں سے نجات دلائی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button