ترکیہ کاسعودی عرب میں فوجی اہلکارتعینات کرنےکافیصلہ،فضائی دفاع اورالیکٹرانک وارفیئر میں معاونت متوقع

انقرہ (جانو ڈاٹ پی کے)ترکیہ نے سعودی عرب کے ساتھ مشترکہ دفاعی معاہدے کی توثیق کے بعد فوجی اہلکار تعینات کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، ترک حکمران جماعت کے ایک رکن پارلیمنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ معاہدے کی توثیق کے بعد فوجی تعیناتی سے متعلق قرارداد پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت ترکیہ سعودی عرب میں اپنے فوجی اہلکار تعینات کر سکے گا۔ ابتدائی طور پر ان اہلکاروں کی معاونت فضائی دفاع اور الیکٹرانک وارفیئر کے شعبوں میں حاصل کی جائے گی۔
رائٹرز کے مطابق معاہدے میں یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ بیرونِ ملک تعینات ترک فوجی اہلکار جارحانہ کارروائیوں میں حصہ نہیں لیں گے۔ تاہم، فوجی تعیناتی سے متعلق پارلیمانی کارروائی اور عملی انتظامات کی مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ترکیہ نے بحیرۂ احمر میں بحری جہازوں کی حفاظت کے لیے سعودی اتحاد میں شامل ہونے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ اس پیش رفت کو دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون میں اضافے کی کوششوں کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔



