عرفات منہاس کا تاریخی کارنامہ،ون ڈے میں نصف سنچری اور6وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی بن گئے

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان کے نوجوان آل راؤنڈر عرفات منہاس نے انگلینڈ کے خلاف سہ ملکی سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی دکھاتے ہوئے اہم اعزاز اپنے نام کرلیا۔ وہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں ایک ہی میچ میں نصف سنچری بنانے اور پانچ یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے مقابلے میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے۔ جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 39ویں اوور میں 215 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، یوں پاکستان نے میچ میں کامیابی حاصل کی۔

عرفات منہاس نے پہلے بیٹنگ میں مشکل وقت پر 59 رنز کی اہم اننگز کھیلی اور پھر بولنگ کرتے ہوئے 40 رنز دے کر 6 انگلش کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ان کی اس کارکردگی نے پاکستان کی جیت میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔اس سے قبل پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی تین مرتبہ، جبکہ عبدالرزاق ایک مرتبہ ایک ہی ون ڈے میچ میں نصف سنچری بنانے اور پانچ یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔شاہد آفریدی نے پہلی مرتبہ 2000 میں لاہور میں انگلینڈ کے خلاف یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ انہوں نے اس میچ میں 61 رنز بنانے کے ساتھ 40 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ شاہد آفریدی کو عالمی کرکٹ میں یہ کارنامہ ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ مرتبہ انجام دینے کا منفرد اعزاز بھی حاصل ہے۔عبدالرزاق نے بھی 2000 میں بھارت کے خلاف ایک ون ڈے میچ میں 70 رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

مزید خبریں

Back to top button