شان مسعود کی پنڈلی کی انجری، میدان میں واپسی کے لیے مزید انتظار

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر شان مسعود کو مکمل فٹنس حاصل کرنے کے لیے مزید دو سے تین ہفتے درکار ہیں، جس کے باعث سری لنکا کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز میں ان کی شرکت بھی غیر یقینی ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق شان مسعود کو پریزیڈنٹ ٹرافی کے ایک میچ کے دوران بائیں پنڈلی میں تکلیف ہوئی تھی۔ پٹھوں کی اس تکلیف کے باعث وہ ٹورنامنٹ کے آخری راؤنڈ کا میچ نہیں کھیل رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شان مسعود کی انجری سنجیدہ نوعیت کی نہیں ہے اور وہ بحالیِ صحت کے عمل (ری ہیب) سے گزرنے کے بعد دوبارہ کرکٹ میں واپسی کریں گے۔ تاہم مکمل فٹنس حاصل کرنے میں مزید دو سے تین ہفتے لگ سکتے ہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 9 نومبر سے شروع ہونا ہے۔ شان مسعود کی فٹنس کی موجودہ صورتِ حال کے پیش نظر سیریز میں ان کی دستیابی پر سوالیہ نشان برقرار ہے۔



