آسٹریلوی خاتون رکن پارلیمنٹ پر مبینہ قاتلانہ حملہ، شدید زخمی ہونے کے بعد دونوں ٹانگیں ضائع

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ہیلن ہینز کے شوہر فل ہینز نے تصدیق کی ہے کہ ان کی اہلیہ کو اس واقعے میں شدید چوٹیں آئیں، تاہم ان کی ذہنی حالت اور دل کی صحت تسلی بخش ہے۔
یہ واقعہ پیر کو وکٹوریہ کے قصبے وانگارٹا میں پیش آیا، جہاں 43 سالہ برینڈن نیوجنٹ نے مبینہ طور پر قتل کی نیت سے اپنی گاڑی ہیلن ہینز پر چڑھا دی۔ واقعے کے وقت وہ اپنے انتخابی حلقے کے دفتر کے باہر موجود تھیں۔ انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی ایک ٹانگ کاٹ دی گئی تھی۔
ملزم کو واقعے کے فوراً بعد گرفتار کرلیا گیا۔ بدھ کو پہلی مرتبہ عدالت میں پیشی کے موقع پر اس پر خطرناک ڈرائیونگ کے ذریعے شدید زخمی کرنے، جان بوجھ کر شدید نقصان پہنچانے اور دولتِ مشترکہ کے ایک عہدیدار کو زخمی کرنے سمیت تین الزامات عائد کیے گئے۔
پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف اقدامِ قتل سمیت مزید الزامات بھی عائد کیے جاسکتے ہیں۔ ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کو ذہنی صحت سے متعلق مسائل درپیش ہیں، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ عدالت میں یہ بھی بتایا گیا کہ ملزم ریڑھ کی ہڈی میں سوزش کی ایک نایاب بیماری میں مبتلا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے اور تحقیقات جاری ہیں۔ تفتیش کار اس پہلو کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا منشیات یا ادویات کے استعمال کا واقعے سے کوئی تعلق تھا۔



