پاکستانی نژادڈاکٹر آصف حسن نے برطانیہ میں بڑااعزازاپنے نام کرلیا

لندن (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستانی نژاد سرجن ڈاکٹر آصف حسن کو برطانیہ میں بچوں کے دل کی سرجری اور علاج کے شعبے میں تین دہائیوں سے زائد خدمات انجام دینے کے اعتراف میں پرائیڈ آف برطانیہ لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
ڈاکٹر آصف حسن نے اپنے طبی کیریئر کے دوران نیو کیسل کے فری مین اسپتال میں 4 ہزار سے زائد اوپن ہارٹ آپریشنز کیے۔ ان کی خدمات سے دل کے پیچیدہ امراض میں مبتلا بچوں کو علاج کی سہولت ملی اور متعدد خاندانوں کو امید کی نئی کرن نصیب ہوئی۔
پیڈیاٹرک کارڈیک سرجری اور دل کی پیوندکاری کے شعبوں میں ڈاکٹر حسن کے کام نے ایسے بچوں کے علاج میں اہم کردار ادا کیا جنہیں جان لیوا قلبی بیماریوں کا سامنا تھا۔
وہ نہ صرف مریضوں کے علاج میں پیش پیش رہے بلکہ نئے سرجنوں کی تربیت اور بچوں کے پیچیدہ قلبی امراض کے جدید علاج کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
یہ اعزاز ڈاکٹر آصف حسن کی طویل طبی خدمات، پیشہ ورانہ مہارت اور بچوں سمیت ان کے خاندانوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے ان کی کوششوں کا اعتراف ہے۔



