ٹرمپ کی پیوٹن سے براہِ راست درخواست کام آگئی،روس نے74سالہ امریکی شہری اسٹیفن ہبارڈ کو رہا کردیا

رپورٹ کے مطابق ملاقات کے دوران روسی صدر نے امریکی ایلچی کو بتایا کہ ہبارڈ کو پلکووو ہوائی اڈے پہنچا دیا گیا ہے۔ اسٹیو وٹکوف نے رہائی پر پیوٹن کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں امریکی ایلچی نے یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے روس، امریکا اور یوکرین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر اوسلو میں امریکا اور یوکرین کے درمیان ہونے والی بات چیت کے نتائج، ایران کی صورت حال، اقتصادی تعاون اور چین میں ممکنہ ملاقات سے متعلق امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اسٹیفن ہبارڈ کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ وطن واپس آرہے ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق ہبارڈ کی رہائی کے لیے قیدیوں کے تبادلے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے گزشتہ ہفتے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے براہِ راست اسٹیفن ہبارڈ کی رہائی کی درخواست کی تھی۔



