تھرپارکر میں شدید گرمی کا الرٹ: ڈی سی کی پیشگی اقدامات، ریلیف سینٹرز اور ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کی ہدایات

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیریانی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ حالیہ شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کی جان و مال ،کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے یہ ہدایات ہیٹ اسٹروک کے حوالے سے اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں گرمی کی لہر سے بچاؤ کے احتیاطی تدابیر، ریلیف سینٹرز کے قیام، محکمہ صحت کی جانب سے ہنگامی طبی سہولیات کی فراہمی اور پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے پر غور کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت شدید گرمی کے دوران “ہیٹ ویو ریلیف رومز” قائم کرے تاکہ متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران کو بھی ہدایت کی کہ طلبہ کو شدید گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں تاکہ کوئی بھی بچہ ڈی ہائیڈریشن کا شکار نہ ہو۔
ڈی سی نے بشمول این جی اوز دیگر متعلقہ اداروں، خصوصاً بلدیاتی اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ عوام کے لیے ریلیف کیمپس قائم کیے جائیں جہاں مسافروں اور عام شہریوں کو ٹھنڈا پانی اور سایہ میں بیٹھنے کی سہولت فراہم ہو سکے۔ انہوں نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ اپنے کاروباری مراکز کے سامنے پانی کی سبیلیں قائم کریں جبکہ پیٹرول پمپس اور دیگر عوامی مقامات پر واٹر کولرز لگانے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے تھر میں بڑھتے ہوئے آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے حکمت عملی تشکیل دینے اور متاثرین کو بروقت امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ فائر سیفٹی اقدامات پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری دفاتر میں ایمرجنسی ایگزٹ اور آگ بجھانے کے آلات کی دستیابی یقینی بنائی جائے، جبکہ اہم عوامی دفاتر اور مقامات پر فائر سیفٹی ایگزٹ نہ ہونے کی صورت میں کارروائی کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ باہمی روابطہ اور ہم آہنگی برقرار رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔



