فیصل کریم کنڈی اور پرویز خٹک کی ملاقات، خیبر پختونخوا کی ترقی اور دہشت گردی کے خاتمے پر اتفاق

نوشہرہ (جانو ڈاٹ پی کے)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ پرویز خٹک کے درمیان نوشہرہ میں ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، صوبے کو درپیش مسائل اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پرویز خٹک خیبر پختونخوا کی سیاست میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ صوبے کو آگے لے جانے اور ترقی کے لیے باہمی مشاورت سے کام کرنا ہوگا۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا اور دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرکے عوام کی فلاح اور صوبے کی ترقی یقینی بنانا ہوگی۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ مختلف سیاسی قائدین سے ملاقاتوں کا مقصد وفاق کے ساتھ صوبے کے مسائل کے حل کے لیے راستے تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کیا جائے گا تاکہ خیبر پختونخوا کو درپیش چیلنجز سے نمٹا جاسکے۔

مزید خبریں

Back to top button