دیپالپور پولیس کی بڑی کارروائی، مویشی ڈکیتی گینگ کے 5 ملزمان گرفتار، لاکھوں کا مال برآمد

دیپالپور(وسیم احمد غوری/تحصیل رپورٹر/جانو ڈاٹ پی کے ) دیپالپور کے تھانہ ڈھلیانہ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے مویشی ڈکیتی میں ملوث صابر عرف صابری اوڈ گینگ کے پانچ ملزمان کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کر لیا۔ پولیس کے مطابق ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کی ہدایات اور اے ایس پی واحد بخش کی نگرانی میں ایس ایچ او نوید نذیر نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے بین الاضلاعی گینگ کے ارکان کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان میں محمد اکرم، ہارون اقبال اور محمد تنویر شامل ہیں جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 6 لاکھ روپے نقدی اور 10 لاکھ روپے مالیت کے مویشی جن میں ایک بھینس، دو گائیں اور ایک کٹا شامل ہے برآمد کیا گیا۔ پولیس کے مطابق گینگ 8 ملزمان پر مشتمل ہے جن میں سے کچھ ملزمان تاحال فرار ہیں جبکہ دو ملزمان قبل ازیں پولیس مقابلہ کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان مزید وارداتوں کا بھی اعتراف کر چکے ہیں اور انہیں شناخت پریڈ کے لیے جوڈیشل حوالات منتقل کیا جا رہا ہے۔ اہل علاقہ نے پولیس کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا ہے جبکہ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button