ننگرپارکر میں بارشوں سے سڑکیں تباہ، زائرین اور سیاح شدید مشکلات کا شکار

مٹھی (رپورٹ: میندھرو کاجھروی / جانو ڈاٹ پی کے) تعلقہ ننگرپارکر میں قدیم زیارت گاہوں اور تاریخی مقامات تک جانے والی بیشتر سڑکیں حالیہ بارشوں کے باعث شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہیں، جس کے باعث علاقے کا زمینی رابطہ مشکلات کا شکار اور سیاحوں کی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ننگرپارکر سے چوڑی مندر جانے والی ڈیفنس روڈ کو خاصا نقصان پہنچا ہے، جبکہ ننگرپارکر تا کاچھبو اور ننگرپارکر تا ساردڑو روڈ پر جگہ جگہ بڑے گڑھے بن گئے ہیں۔ میڈیا سروے کے مطابق ان سڑکوں پر سفر کرنے والے لوگ مستقل خوف اور پریشانی کی کیفیت میں مبتلا رہتے ہیں۔
اسی طرح ننگرپارکر سے آدھیگام اور ڈانو دھاندھل رینجرز چیک پوسٹ سے ویرا واہ جانے والی سڑک کی حالت بھی انتہائی خراب بتائی جا رہی ہے۔ مقامی لوگ، زائرین اور ڈرائیورز کے مطابق صورتحال نہایت تشویشناک ہے اور آئے روز حادثات کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔
ننگرپارکر میں موجود قدیم اور مذہبی مقامات پر سال میں دو بار بڑے میلے منعقد ہوتے ہیں جن میں سندھ بھر سے ہزاروں زائرین شرکت کرتے ہیں، جبکہ کارونجھر پہاڑ سمیت خطے کے تفریحی مقامات سال بھر سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہتے ہیں۔ تاہم ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کی وجہ سے سیاح اور زائرین مستقل شکایات کرتے نظر آتے ہیں۔
مقامی آبادی، سول سوسائٹی، سیاحوں اور سماجی تنظیموں نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ, صوبائی وزیر برائے ہائی ویز اینڈ کمیونیکیشن اور سیکریٹری روڈز سے فوری نوٹس لینے اور رابطہ سڑکوں کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ہے تاکہ سیاحت اور مقامی آمد و رفت میں بہتری لائی جا سکے۔



