بریسٹ کینسر قابلِ علاج ہے، بروقت تشخیص سے زندگی بچائی جا سکتی ہے، مریم نواز شریف

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بریسٹ کینسر قابلِ علاج مرض ہے اور بروقت تشخیص سے علاج کے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ جسم میں ہونے والی غیر معمولی تبدیلیوں کو نظر انداز نہ کریں اور بروقت طبی معائنہ کروائیں۔
بریسٹ کینسر سے آگاہی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ کینسر کے خلاف شعور اجاگر کرنا، احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اور بروقت طبی معائنہ زندگی بچانے کے لیے نہایت ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے کے تمام ہسپتالوں میں بریسٹ کینسر سے آگاہی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ خواتین کو اس مرض کی علامات، بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ لاہور میں نواز شریف کینسر ہسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے، جہاں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سینٹر کے تحت مختلف اقسام کے کینسر کے علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ان کے مطابق ہسپتال میں بریسٹ کینسر کے تمام مراحل سمیت مختلف اقسام کے کینسر کا علاج کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے جدید مشینری اور ادویات فراہم کی جائیں گی، جبکہ کینسر پر تحقیق کے لیے جدید لیبارٹری بھی قائم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کینسر کے مریضوں کو علاج کے دوران نفسیاتی اور جذباتی معاونت فراہم کرنے کے لیے ہسپتال میں سائیکاٹری ڈیپارٹمنٹ بھی قائم کیا جائے گا، تاکہ مریضوں کی جسمانی صحت کے ساتھ ان کی ذہنی اور جذباتی ضروریات کا بھی خیال رکھا جا سکے۔
مریم نواز شریف کے مطابق حکومت پنجاب کینسر کے مریضوں کو 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ بریسٹ کینسر کے مریضوں کا مستند ڈیٹا جمع کرنے سے علاج اور طبی سہولیات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں لیڈی ہیلتھ انسپکٹرز بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص کے لیے ڈیٹا جمع کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنی صحت پر توجہ دیں اور کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کی صورت میں مستند طبی ماہرین سے رجوع کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بریسٹ کینسر کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور خواتین کو بروقت تشخیص کی ترغیب دینا مشترکہ سماجی ذمہ داری ہے۔ حکومت پنجاب خواتین کو کینسر کی تشخیص اور علاج کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔



