کرکٹ میں نئے فارمیٹ ’’ٹیسٹ ٹوئنٹی‘‘ کا آغاز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) کرکٹ میں ایک نئے اور منفرد فارمیٹ ’’ٹیسٹ ٹوئنٹی‘‘ کا آغاز ہونے جا رہا ہے، جس میں لڑکے اور لڑکیاں الگ الگ اننگز کھیلیں گے، تاہم دونوں کی کارکردگی ٹیم کے مجموعی سکور میں شامل ہوگی اور میچ کا فیصلہ مشترکہ سکور کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
منتظمین کے مطابق یہ ٹورنامنٹ 14 سے 29 نومبر 2026 تک سری لنکا کے شہر کولمبو میں منعقد ہوگا، جس میں 13 سے 21 سال کی عمر کے 160 نوجوان کرکٹرز حصہ لیں گے۔ کھلاڑیوں کو چار براعظمی ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا، جبکہ ہر ٹیم میں 20 لڑکے اور 20 لڑکیاں شامل ہوں گے۔
نئے فارمیٹ کے تحت لڑکے اپنی حریف ٹیم کے لڑکوں کے خلاف جبکہ لڑکیاں دوسری ٹیم کی لڑکیوں کے مدمقابل ہوں گی۔ تاہم میچ میں کامیابی کا فیصلہ دونوں گروپس کے مشترکہ سکور کی بنیاد پر کیا جائے گا، جس سے مرد اور خواتین کھلاڑیوں کی کارکردگی ایک ہی ٹیم کے نتیجے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
ہر میچ 80 اوورز پر مشتمل ہوگا۔ پہلے 40 اوورز دن کے وقت سرخ گیند اور روایتی سفید لباس میں کھیلے جائیں گے، جبکہ بقیہ 40 اوورز فلڈ لائٹس میں سفید گیند اور رنگین لباس کے ساتھ ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کے مشاورتی بورڈ میں جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز، آسٹریلیا کے سابق کرکٹر میتھیو ہیڈن اور ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان کلائیو لائیڈ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے بچپن کے کوچ راجکمار شرما عالمی سلیکشن کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔
ایونٹ کے تمام مقابلے کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں شیڈول ہیں، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 29 نومبر کو کھیلا جائے گا۔



