میر رضا قتل کیس: عدالتی کمیشن کی رپورٹ سندھ کابینہ کے ایجنڈے سے غائب، جبران ناصر کا شفاف تحقیقات کا مطالبہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) میر رضا علی خان قتل کیس کی تحقیقات کے لیے قائم عدالتی کمیشن کی رپورٹ سندھ کابینہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہیں کی گئی، حالانکہ وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان کی جانب سے رپورٹ کابینہ میں پیش کرنے کا اعلامیہ جاری کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق سندھ کابینہ کا اجلاس منگل کو شیڈول ہے، جس میں میر رضا کیس سے متعلق عدالتی کمیشن کی رپورٹ پر فیصلہ متوقع تھا۔ تاہم 16 اکتوبر کو جاری کیے گئے اجلاس کے ایجنڈے میں رپورٹ کا معاملہ شامل نہیں ہے۔
میر رضا کے وکیل جبران ناصر نے کہا ہے کہ عدالتی کمیشن 15 اکتوبر کو اپنی رپورٹ جمع کرا چکا ہے اور اب سندھ کابینہ نے فیصلہ کرنا ہے کہ رپورٹ کو منظر عام پر لایا جائے یا متاثرہ خاندان کو فراہم کیا جائے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جبران ناصر نے کہا کہ میر رضا کیس میں پہلے بھی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا مطالبہ کیا تھا اور وہ آج بھی اسی مؤقف پر قائم ہیں۔ ان کے مطابق پولیس معاملے کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ عدالتی کمیشن اپنی رائے دے چکا ہے اور اس نے پولیس کے مؤقف سے الگ رائے اختیار کی ہے۔
جبران ناصر کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندان کے خدشات دور کرنے کے لیے صوبائی وزیر داخلہ ضیا لنجار نے عدالتی کمیشن قائم کیا تھا۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ پولیس کے مؤقف کی حمایت کرنے کے بجائے شفاف تحقیقات کو یقینی بنائے۔
وکیل نے کہا کہ میر رضا قتل کیس کے باعث عوام میں بھی عدم تحفظ پایا جاتا ہے، جبکہ متاثرہ والدین کے حوالے سے مختلف اسکینڈلز سامنے لائے جاتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومتی وسائل ضائع کرنے کے بجائے کیس کی مزید تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے۔
جبران ناصر نے واضح کیا کہ اگر متاثرہ خاندان کو عدالتی کمیشن کی رپورٹ فراہم نہ کی گئی تو وہ عدالت سے رجوع کریں گے۔ ان کے مطابق اب سندھ کابینہ نے فیصلہ کرنا ہے کہ رپورٹ عوام کے سامنے لائی جائے اور متاثرہ خاندان کو فراہم کی جائے یا نہیں۔
واضح رہے کہ کراچی کے نوجوان میر رضا علی خان 28 جولائی کو پاکستان ایمپلائیز ہاؤسنگ سوسائٹی (پی ای سی ایچ ایس) سے لاپتہ ہوئے تھے۔ وہ صبح 4 بج کر 9 منٹ پر آن لائن ٹیکسی کے ذریعے گھر سے روانہ ہوئے، جس کے دو روز بعد ان کی لاش گلستانِ جوہر سے ملی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق میر رضا کی لاش انتہائی خراب حالت میں ملی تھی اور ان کے سینے میں گولی لگی ہوئی تھی۔ لاش ملنے سے ایک روز قبل ان کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی بند کر دیے گئے تھے۔



