اسحاق ڈار دوشنبے میں ایس سی او اجلاس میں شرکت کریں گے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار 19 اور 20 اکتوبر کو تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ حکومت کونسل کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار تاجکستان کے وزیراعظم قاہر رسول زادہ کی دعوت پر اجلاس میں شرکت کریں گے، جس میں رکن ممالک کے اعلیٰ سطح کے رہنما اور نمائندے شریک ہوں گے۔
اجلاس میں چین، روس، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم شرکت کریں گے، جبکہ ایران کے نائب صدر اور بھارت کے وزیر خارجہ کی بھی اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ایس سی او سربراہانِ حکومت کونسل تنظیم کا دوسرا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارہ ہے۔ اجلاس میں معیشت، تجارت، مالیات، علاقائی رابطہ کاری اور سماجی و اقتصادی تعاون سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران تنظیم کے بجٹ اور دیگر اہم معاملات سے متعلق فیصلے بھی متوقع ہیں، جبکہ اختتام پر مشترکہ اعلامیہ اور اہم بیانات جاری کیے جائیں گے۔
دورے کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی تاجکستان کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ اس کے علاوہ وہ اجلاس کے موقع پر ایس سی او کے رکن ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے، جن میں باہمی تعلقات اور تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوگی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ایس سی او کے پلیٹ فارم کے ذریعے علاقائی تعاون، تجارت اور رابطہ کاری کو فروغ دینے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔



