لندن کے علاقے چیلسی میں لگژری گاڑیوں کے ونگ مررز چوری، نواز شریف کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچ چکا

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے علاقے چیلسی میں لگژری گاڑیوں کے ونگ مررز چوری ہونے کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں، جبکہ سابق وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچائے جانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیلسی کی تین مختلف سڑکوں پر کھڑی مہنگی گاڑیوں کو اتوار کی رات نشانہ بنایا گیا۔ چوری ہونے والے ونگ مررز میں بی ایم ڈبلیو ایکس تھری، پورشے میکن، جیگوار ایف پیس اور مرسڈیز سی کلاس جیسی لگژری گاڑیوں کے پرزے شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق چوروں نے جدید الیکٹرانک فیچرز سے لیس گاڑیوں کے ونگ مررز کو نشانہ بنایا، جن کی قیمت کافی زیادہ ہے۔ چوری شدہ ونگ مررز کی تبدیلی پر مجموعی اخراجات 40 ہزار پاؤنڈ سے تجاوز کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ایون فیلڈ کے باہر سابق وزیراعظم نواز شریف کی دو گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا تھا۔ تاہم دونوں واقعات کے درمیان کسی تعلق کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
چیلسی میں لگژری گاڑیوں کے ونگ مررز چوری ہونے کے واقعات کی لندن پولیس تحقیقات کر رہی ہے، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔



