عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی، برینٹ آئل 108.80 ڈالر فی بیرل پر آگیا

سنگا پور (ویب ڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، ایشیائی مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیوں کے آغاز پر برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً ایک فیصد گر کر 108.80 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
رپورٹس کے مطابق تیل کی قیمتوں میں کمی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کے روز ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے، جس کے تحت روس سے متعلق متعدد مجوزہ پابندیاں ختم کردی گئیں۔
ان پابندیوں کا نفاذ آئندہ چند روز میں ہونا تھا، جن میں روسی مصنوعات پر محصولات اور روس سے تیل و گیس خریدنے پر عائد کی جانے والی سزائیں بھی شامل تھیں۔
خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی جمعے کو ہونے والے اضافے کے بعد سامنے آئی ہے، جب کاروباری ہفتے کے اختتام پر قیمتیں 19 مئی کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ روسی برآمدات سے متعلق پابندیاں اور ٹیرف ختم کرنے کا مقصد روس کو مذاکرات کی میز پر برقرار رکھنے کی کوشش کرنا ہے۔



