اوور 40 کرکٹ ورلڈکپ: پاکستان نے بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

گیانا(مانیٹرنگ ڈیسک) آئی ایم سی اوور 40 کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان نے اپنے دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ گرین شرٹس نے 144 رنز کا ہدف صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
گیانا میں جاری ایونٹ کے نویں میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم 34.3 اوورز میں 143 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بھارتی بیٹنگ لائن پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکی۔
بھارت کی جانب سے مرتضیٰ علی نے 48 رنز بنائے، جبکہ امیت مشرا 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد خلیل نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عرفان اور فہد جبار نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ وسیم علی اور سید فرید الدین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
144 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے جارحانہ اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 26.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر کامیابی حاصل کرلی۔ عدنان اکمل اور شہریار غنی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 63، 63 رنز بنائے اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
بھارت کی جانب سے امیت مشرا نے 2 وکٹیں حاصل کیں، تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے میچ میں ریسٹ آف دی کیریبین کو شکست دی تھی۔ بھارت کے خلاف کامیابی کے بعد پاکستانی ٹیم نے ایونٹ میں اپنی دوسری فتح بھی حاصل کرلی۔



