پاکستان کا سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے کر سہ ملکی سیریز میں فاتحانہ آغاز

سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، تاہم قومی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا۔ فخر زمان 16 اور صائم ایوب 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد بابر اعظم اور سعد بیگ نے اننگز کو سنبھالا اور اسکور 106 رنز تک پہنچایا۔ بابر اعظم 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ سعد بیگ نے 39 رنز کی اننگز کھیلی۔
پانچویں وکٹ پر سلمان علی آغا اور حسن نواز نے 97 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ حسن نواز 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ عرفات منہاس نے 18 رنز بنا کر سلمان علی آغا کا ساتھ دیا اور دونوں کے درمیان 64 رنز کی شراکت بنی۔
سلمان علی آغا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی چوتھی سنچری مکمل کی۔ وہ 291 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔ شاہین آفریدی نے 13 رنز بنائے، جبکہ فہیم اشرف 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی پوری ٹیم 305 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا نے چار، اسیتھا فرنینڈو نے تین اور دلشان مدھوشنکا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم مشکلات کا شکار رہی۔ کمنڈو مینڈس نے 44 رنز بنائے، جبکہ پوون رتنانائیکے نے 79 اور جنیتھ لیاناگے نے 60 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ داسن شناکا نے بھی 28 رنز بنائے، تاہم کوئی بھی بیٹر ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرسکا اور سری لنکا کی پوری ٹیم 268 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فہیم اشرف، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے تین ملکی سیریز میں اپنی مہم کا آغاز جیت سے کیا۔



