ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ، اداکار محفوظ، ڈرائیور سمیت2افرادزخمی

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں اداکار کے ڈرائیور اور ایک آٹورکشہ ڈرائیور کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ حکام واقعے کے حالات، فائرنگ کی وجوہات اور اس میں ملوث افراد کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا نے سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک مبینہ پوسٹ کا حوالہ دیا ہے، جس میں گینگسٹر انیل پنڈت کی جانب سے لارنس بشنوئی گینگ کے لیے فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ تاہم اس دعوے کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی، اس لیے واقعے میں کسی گروہ کے ملوث ہونے کو فی الحال حتمی قرار نہیں دیا جا سکتا۔
واقعے کے بعد ممبئی میں امن و امان کی صورت حال پر سیاسی بحث بھی شروع ہو گئی ہے۔ کانگریس رہنما سچن ساونت نے فائرنگ کے واقعے پر مہاراشٹر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ حکومت جرائم پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے۔



