ٹرمپ کا نیتن یاہو کی انتخابی مہم میں کھل کر ساتھ دینے کا اعلان، اسرائیلی سیاست میں بڑا بیان

واشنگٹن (جانو ڈاٹ پی کے)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کے آئندہ پارلیمانی انتخابات میں وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی دوبارہ انتخاب کے لیے مکمل حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے پیغام میں نیتن یاہو کو مضبوط اور بہادر رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ شدید مخالفت کے باوجود ثابت قدم رہے ہیں۔ٹرمپ نے اپنے بیان میں نیتن یاہو کو ایران کے خلاف جنگ میں اہم اتحادی اور امن کے لیے شراکت دار قرار دیا اور اسرائیلی عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے ان کی دوبارہ انتخابی مہم کی بھرپور حمایت کی۔ نیتن یاہو نے بھی امریکی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنما مل کر اپنا مشن مکمل کریں گے۔
اسرائیل میں پارلیمانی انتخابات 27 اکتوبر 2026 کو ہونے والے ہیں۔ نیتن یاہو کے لیے یہ انتخاب سیاسی طور پر اہم ہے، جبکہ ٹرمپ کی حمایت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب اسرائیلی قیادت کو ایران کے ساتھ جنگ اور دیگر سکیورٹی معاملات پر اندرونِ ملک تنقید کا سامنا ہے۔ تاہم امریکی صدر کی حمایت سے انتخابی نتائج پر کیا اثر پڑے گا، اس کا اندازہ قبل از وقت ہوگا۔



