سعودی عرب کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں، مصر کے صدر کا واضح اعلان

قاہرہ (جانو ڈاٹ پی کے)مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کو نقصان پہنچنے دینا ناقابلِ تصور ہے اور مصر مملکت کے دفاع کے لیے ہر ضروری اقدام کرنے کو تیار ہے۔
ملٹری اکیڈمی میں گریجویشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر السیسی نے کہا کہ مصر کسی ملک کے خلاف جارحیت کا ارادہ نہیں رکھتا، تاہم ضرورت پڑنے پر دفاعی کارروائی کے لیے تیار ہے۔ ان کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی رہنمائی کے مطابق اقدامات کیے جائیں گے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صدر السیسی نے سعودی عرب پر حالیہ حوثی حملوں کے تناظر میں مصری پارلیمنٹ سے ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی، تاکہ سعودی عرب کی جانب سے مدد طلب کیے جانے کی صورت میں دفاعی اقدامات کی منظوری حاصل کی جاسکے۔ مصری پارلیمنٹ کا اجلاس اتوار، 18 اکتوبر کو طلب کیا گیا تھا۔



