سانحۂ کارساز کے شہداء کو سرخ سلام،شہید بینظیر بھٹو کو ڈرایا جا سکا نہ ہی جھکایا جا سکا،سسئی پلیجو

ٹھٹھہ( جاوید لطیف میمن )سابق صوبائی وزیر اور سینیٹر سسئی پلیجو نے سانحۂ کارساز کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم شہداء کو سرخ سلام پیش کرتے ہیں۔ یہ پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ دن تھا، جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی پر دہشت گردی کے ذریعے انہیں نشانہ بنانے کی بزدلانہ کوشش کی گئی، تاہم دشمن قوم کی عظیم رہنما کو نہ ڈرا سکے اور نہ جھکا سکے۔
سسئی پلیجو نے کہا کہ سانحۂ کارساز کے شہداء نے جمہوریت کی بحالی اور استحکام کے لیے تاریخ ساز قربانیاں دیں، جو جمہوریت کی تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہیں۔ قوم ہمیشہ یاد رکھے گی کہ ان شہداء نے جمہوریت اور عوامی حقوق کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت سے لے کر کارکنوں تک، جمہوریت کے لیے قربانیوں کی ایک لازوال تاریخ رقم کی گئی ہے۔ انیس سال گزرنے کے باوجود شہداء کی یادیں تازہ ہیں اور آمریت کا راستہ روکنے کے لیے کی جانے والی جدوجہد بھی تاریخ کا اہم حصہ ہے۔
سینیٹر سسئی پلیجو کا کہنا تھا کہ اگر آج بھی آمریت اور جبر کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کی گئی تو عوام شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے ہر ظلم اور بربریت کے سامنے دیوار بن کر کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے سانحۂ کارساز کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جدوجہد اور قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔



