سلمان خان کا خاندانی زندگی سے جڑا اہم انکشاف، نانا کو کس بات کا عمر بھر افسوس رہا؟
سلمان خان نے نانا کی 5 سالہ ناراضی کا قصہ سنا دیا، پچھتاوے اور خاندانی جھگڑوں سے زندگی کا بڑا سبق

سلمان خان نے بتایا کہ ان کے والد سلیم خان اداکار بننا چاہتے تھے اور اسی وجہ سے ان کے نانا کو اپنی بیٹی کی شادی فلم انڈسٹری سے وابستہ شخص سے ہونے پر اعتراض تھا۔ سلمان کے مطابق والدہ کے بہن بھائی سلیم خان کو پسند کرتے تھے، لیکن ان کے نانا کو خدشہ تھا کہ ان کی بیٹی فلمی ماحول میں کیسے زندگی گزارے گی۔
اداکار نے بتایا کہ ان کے نانا نے سلیم خان سے پانچ سال تک رابطہ نہیں رکھا۔ تاہم جب سلمان خان کے چھوٹے بھائی سہیل خان پیدا ہوئے تو ان کے نانا جلیبی کا ڈبہ لے کر باندرہ میں ان کے گھر پہنچے اور اپنی غلطی کا اعتراف کیا۔
سلمان خان کے مطابق ان کے نانا نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے نواسوں کو بڑا ہوتے دیکھنے کے پانچ سال ضائع کر دیے اور ایک اچھے انسان سے بات کرنے کا موقع بھی گنوا دیا، کیونکہ وہ اپنے ذہن میں قائم خدشات کی وجہ سے اس رشتے سے دور رہے۔ سلمان نے بتایا کہ یہ پچھتاوا ان کے نانا کو زندگی کے آخری وقت تک رہا۔
سلمان خان نے والدین کے درمیان ہونے والے جھگڑوں کا ذکر کرتے ہوئے ایک اور واقعہ بھی سنایا۔ ان کے مطابق ایک مرتبہ والدین کے درمیان اختلاف کے بعد ان کی والدہ میکے چلی گئیں تو نانا نے انہیں گھر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔ انہوں نے بیٹی سے کہا کہ وہ اپنے گھر واپس جائے، کیونکہ وہی اس کا گھر ہے اور وہ وہاں کسی بھی وقت آ سکتی ہے، لیکن میاں بیوی کے جھگڑے کے بعد میکے آ کر بیٹھنا مناسب نہیں۔



