ملتان میں تیز رفتار کار کو حادثہ، 5 افراد جاں بحق، تمام کا تعلق شجاع آباد سے تھا

ملتان(جانوڈاٹ پی کے) بوسن روڈ پر تیز رفتاری کے باعث پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں کار سوار 5 افراد جاں بحق ہوگئے، حادثے میں گاڑی مکمل طور پر بے قابو ہوکر ڈیوائیڈر اور خالی پلاٹ کی دیوار سے ٹکرا گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار کار پہلے سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرائی اور پھر خالی پلاٹ کی دیوار سے جا لگی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ کار میں سوار پانچوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو نشتر ہسپتال منتقل کردیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے پانچوں افراد کا تعلق شجاع آباد سے تھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں افسوس کی فضا پھیل گئی۔



