1997ء میں پہلی فلم کے لیے 50 لاکھ سے زائد معاوضہ ملا، جیا علی کا انکشاف

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سابق معروف اداکارہ اور ماڈل جیا علی نے اپنی پہلی فلم کے معاوضے سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں فلم ’دیوانے تیرے پیار کے‘ کے لیے 50 لاکھ روپے سے زائد رقم ملی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ تھیں۔
جیا علی نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز 1997ء میں ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ’دیوانے تیرے پیار کے‘ سے کیا تھا، جس میں انہوں نے معروف اداکار معمر رانا کے ساتھ کام کیا۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کے دوران اداکارہ سے سوال کیا گیا کہ کیا انہیں اپنی پہلی فلم کے لیے ایک کروڑ روپے معاوضہ ملا تھا؟ اس پر جیا علی نے وضاحت کی کہ انہیں پورا ایک کروڑ روپے نہیں ملے تھے، تاہم اس وقت وہ سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ ضرور تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ کے لیے ٹیم کے ہمراہ بیرون ملک بھی جانا پڑا تھا۔ ان کے ساتھ ان کے بھائی، فوٹوگرافر منا مشتاق، ان کا ایک دوست اور عالیہ امام بھی موجود تھے۔ ٹیم کے سفری اخراجات اور دیگر ضروری اخراجات بھی مجموعی معاوضے میں شامل تھے، جس کے نتیجے میں انہیں پروڈیوسر سے 50 لاکھ روپے سے زائد رقم ملی۔
جیا علی کے مطابق زیادہ معاوضے کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ وہ فلم کے ملبوسات، کوریوگرافر اور دیگر معاملات میں اپنی پسند کو ترجیح دیتی تھیں۔
فلم میں کام کرنے کے لیے زیادہ پُرجوش نہیں تھیں
اداکارہ نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس فلم میں کام کرنے کے لیے زیادہ پُرجوش نہیں تھیں اور ذہنی طور پر ماڈلنگ کا شعبہ بھی تقریباً چھوڑ چکی تھیں۔ ان کے بقول انہوں نے فلم سازوں کے لیے معاملات خاصے مشکل بنا دیے تھے۔
جیا علی نے مزید بتایا کہ ماڈلنگ کے دور میں انہیں فلم ’جیوا‘ میں کام کرنے کی پیشکش بھی ہوئی تھی، لیکن خاندانی پابندیوں کے باعث وہ یہ پیشکش قبول نہیں کرسکی تھیں۔ اس وقت انہیں اپنا ماڈلنگ کیریئر جاری رکھنے میں بھی مشکلات کا سامنا تھا۔
واضح رہے کہ جیا علی نے اپنے کیریئر کے عروج پر شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔ انہوں نے 2021ء میں کاروباری شخصیت عمران ادریس سے شادی کی تھی۔



