پولیس بااثرملزموں کو گرفتار کرنے میں ناکام،متاثرہ خاتون کاپریس کلب کے سامنے احتجاج

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ پی کے )بدین تعلقہ ٹنڈو باگو کے گاؤں کھبڑ کلوئی کی رہائشی مسمات بی بی زوجہ رمضان کلوئی نے ملزمان کی عدم گرفتاری اور پولیس کی مبینہ بے حسی کے خلاف بدین پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسمات بی بی نے کہا کہ صادق کلوئی، لطف کلوئی، راہیب کلوئی اور الیاس کلوئی کے خلاف متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر درج ہے، مگر پولیس انہیں گرفتار کرنے کے بجائے کھلی چھوٹ دے رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ملزمان پولیس کی سرپرستی میں کھلے عام گھوم رہے ہیں، گھروں میں گھس کر تشدد کرتے ہیں اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، جس سے ہم شدید خوف کا شکار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے ایس ایس پی بدین کو بھی درخواست دی گئی مگر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد اور ایس ایس پی بدین سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا نوٹس لے کر ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور ان کے خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے۔



