سجاول میں پانی بحران شدت اختیار کر گیا، جے یو آئی ف کی احتجاجی ریلی، فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ

سجاول(جانوڈاٹ پی کے) پانی کی شدید قلت کے خلاف جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں شہریوں اور کسانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ریلی جامع مسجد چوک سے شروع ہو کر پبلک پارک تک پہنچی، جس کی قیادت مولانا غلام حسین میمن، مولوی انور، مولوی اشرف اور مولوی حسن قاسمی سمیت دیگر رہنماؤں نے کی۔
مظاہرین نے اپنے خطاب میں کہا کہ سجاول ضلع میں پانی کی عدم دستیابی کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ کسانوں کی کھڑی فصلیں سوکھنے لگی ہیں، جس سے انہیں بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے۔
ریلی کے شرکاء نے بتایا کہ ساحلی پٹی میں پینے کا پانی ناپید ہو چکا ہے، جس کے باعث نہ صرف انسانی زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ مویشی بھی شدید خطرے میں ہیں۔
مظاہرین نے محکمہ آبپاشی کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ متعلقہ ادارے پانی کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت کے باعث لاکھوں روپے مالیت کی فصلیں تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہیں، جس سے زرعی معیشت کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔
مقررین نے خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر پانی کی فراہمی یقینی نہ بنائی گئی تو احتجاجی تحریک کو مزید وسیع کیا جائے گا۔
مظاہرین نے حکومت سندھ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ سجاول ضلع میں پانی کے بحران کے خاتمے کے لیے فوری اور ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام اور کسانوں کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔



