بدین میں عالمی یومِ ماحولیات جوش و خروش سے منایا گیا، آگاہی ریلی اور شجرکاری مہم کا انعقاد

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر سماجی تنظیم برڈز کے زیر اہتمام اسسٹنٹ کمشنر بدین راجیش دلپت کی قیادت میں جمخانہ بدین سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو چوک تک آگاہی ریلی نکالی گئی، جس کا مقصد ماحولیاتی تحفظ اور عوامی شعور کو فروغ دینا تھا۔
ریلی میں انفارمیشن آفیسر عرفان علی جونیجو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر چائلڈ پروٹیکشن دین محمد ڈیرو، پروجیکٹ منیجر ثوبیہ انصاری، خادم انصاری، قادر بخش ٹالپر، اسلم ملاح، مبارک میرانی، ساون جونیجو سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیات کا تحفظ محض ایک دن منانے تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ یہ ایک اجتماعی ذمہ داری ہے جس کے ذریعے زمین، پانی، ہوا اور قدرتی وسائل کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے سنگین اثرات کا سامنا ہے، جن میں درجہ حرارت میں اضافہ، غیر معمولی بارشیں، سیلاب، خشک سالی اور پانی کی قلت جیسے مسائل شامل ہیں۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
مقررین نے درختوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ درخت آکسیجن کی فراہمی، ماحول کو صاف رکھنے، گرمی کی شدت کم کرنے اور جنگلی حیات کے تحفظ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور ان کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔
تقریب میں پانی کے دانشمندانہ استعمال پر بھی زور دیا گیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے اور اس کا ضیاع مستقبل کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتا ہے، اس لیے ہر فرد کو پانی کے محتاط استعمال کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔
انہوں نے پلاسٹک کے بڑھتے ہوئے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پلاسٹک آلودگی کا ایک بڑا سبب ہے جو زمین، دریاؤں، سمندروں اور انسانی صحت کو متاثر کر رہا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ پلاسٹک کے تھیلوں اور ایک بار استعمال ہونے والی اشیاء کے بجائے ماحول دوست متبادل اپنائے جائیں۔
مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صاف ستھرا ماحول ہی ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد ہے، جبکہ صفائی، توانائی کی بچت، قابلِ تجدید توانائی کے فروغ اور قدرتی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تقریب کے اختتام پر اسسٹنٹ کمشنر بدین راجیش دلپت، انفارمیشن آفیسر عرفان علی جونیجو اور دیگر شرکاء نے پودے لگا کر ماحولیات کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر سماجی تنظیم برڈز کی جانب سے شدید گرمی میں شہریوں کے لیے قائم کیے گئے ٹھنڈے پانی کے اسٹال کا بھی معائنہ کیا گیا اور اس اقدام کو سراہا گیا۔



