آسٹریلیا میں خاتون رکن پارلیمنٹ گاڑی کی ٹکر سے شدید زخمی، وزیراعظم نے واقعے کو سوچی سمجھی سازش قرار دے دیا

سڈنی (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے شہر وانگارٹا میں گاڑی کی ٹکر سے وفاقی آزاد رکن پارلیمنٹ ہیلن ہینز شدید زخمی ہوگئیں، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق 65 سالہ ہیلن ہینز کو ریاست وکٹوریہ کے شہر وانگارٹا میں ان کے انتخابی حلقے کے دفتر کے باہر ٹویوٹا لینڈ کروزر ایس یو وی نے ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئیں۔
واقعے کے فوری بعد موقع پر موجود شہریوں نے مبینہ طور پر ڈرائیور کو قابو کرکے پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
حکام کے مطابق ملزم کی گاڑی کی تلاشی کے دوران ایک چاقو بھی برآمد ہوا ہے، جس کے بعد واقعے کے مختلف پہلوؤں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے سوچی سمجھی سازش قرار دیا ہے۔
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ اس کے محرکات کا تعین کیا جا سکے اور یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا اس واقعے کے پیچھے کوئی سیاسی یا ذاتی وجہ کارفرما تھی۔ تاہم واقعے کے اصل اسباب اور ملزم کے ممکنہ محرکات کی باضابطہ تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔



