نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی طریقہ کار واضح، فی الحال مطلوبہ اکثریت موجود نہیں، مراد علی شاہ

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کا طریقہ کار آئین میں واضح ہے، تاہم اس وقت ملک میں نئے صوبے بنانے کے لیے مطلوبہ اکثریت موجود نہیں۔
جام چاکرو میں جدید لینڈ فل سائٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کو صاف ستھرا بنانے کے لیے جدید ویسٹ مینجمنٹ منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ جام چاکرو لینڈ فل سائٹ پر مجموعی طور پر پانچ جدید سیلز تعمیر کیے جا رہے ہیں، جن کی تعمیر دسمبر تک مکمل کرنے کا ہدف ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق اس منصوبے کے تحت کراچی کے کچرے کو سائنسی اور منظم انداز میں ٹھکانے لگایا جائے گا۔ جدید ویسٹ مینجمنٹ نظام سے ماحولیاتی آلودگی اور تعفن کے مسائل کم کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ شہر کے دیگر اضلاع میں بھی عالمی معیار کے ویسٹ ڈسپوزل پوائنٹس قائم کیے جائیں گے۔
گورنر راج سے متعلق سوال پر مراد علی شاہ نے کہا کہ گورنر راج آئینی تو ہے لیکن جمہوری نہیں۔ کوئی نہیں چاہتا کہ کسی صوبے کی منتخب حکومت کو ہٹایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے، اور اگر دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے معاملے پر صوبے رکاوٹ بنیں تو صورتحال پر کیا کہا جا سکتا ہے۔
میر رضا کیس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے اس معاملے پر جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اب کابینہ ہی کمیشن کی رپورٹ پر مشتمل بند لفافہ کھول کر اس کی روشنی میں آئندہ کا فیصلہ کرے گی۔



