وزیراعظم شہباز شریف کا کل دورہ پشاور متوقع، امن و امان اور سکیورٹی صورتحال پر اہم اجلاس ہوگا

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف کا کل پشاور پہنچنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد وزیراعظم کا یہ دورہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کے دورہ پشاور کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ توقع ہے وزیراعظم کل پشاور پہنچیں گے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم امن و امان کی صورتحال سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں انہیں دہشت گردوں اور فتنہ الخوارج کے خلاف کیے گئے اقدامات، صوبے کی سکیورٹی صورتحال اور درپیش ضروریات کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔
وزیراعظم ضم شدہ اضلاع اور خیبرپختونخوا کے چار جنوبی اضلاع میں دہشت گردی کے خاتمے، پائیدار امن کے قیام اور ترقیاتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے قائم ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈویلپمنٹ کونسل کے اراکین سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر انہیں کونسل کی ذمہ داریوں اور ترجیحات سے آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی وزیراعظم کو صوبے میں گندم اور آٹے کی قلت، گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ، امن و امان، بنیادی ڈھانچے اور دیگر اہم مسائل سے متعلق بھی آگاہ کریں گے۔
دورے کے دوران صوبے کی سکیورٹی ضروریات، دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔



