پنجاب میں پراسیکیوشن نظام کو جدید بنانے پر کام جاری، یو این او ڈی سی وفد کی پراسیکیوٹر جنرل سے ملاقات

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پراسیکیوٹر جنرل پنجاب آفس میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) کے وفد نے دورہ کیا، جہاں پراسیکیوٹر جنرل پنجاب چوہدری عرفان صادق تارڑ سے پراسیکیوشن کے نظام میں بہتری، ادارہ جاتی اصلاحات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پنجاب میں پراسیکیوشن کے نظام کو مزید مؤثر، جدید اور عالمی معیار سے ہم آہنگ بنانے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر قانونی کارروائیوں کو بہتر بنانے، ادارہ جاتی استعداد بڑھانے اور بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے اصلاحاتی اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔

یو این او ڈی سی کے وفد میں ارجنٹینا، چین اور امریکا سے تعلق رکھنے والے قانونی ماہرین شامل تھے، جبکہ ڈائریکٹر جنرل لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب چوہدری عرفان صادق تارڑ نے کہا کہ پنجاب پراسیکیوشن کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، جس سے قانونی کارروائیوں میں بہتری اور شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن پراسیکیوٹر جنرل پنجاب محمد ارشد علی فاروقی نے وفد کو صوبے میں پراسیکیوشن کے نظام، ادارہ جاتی امور، کارکردگی اور جاری اصلاحاتی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل رقیہ عنبرین سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

مزید خبریں

Back to top button