یونان کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی کو حادثہ، شیرخوار بچے سمیت 6 افراد جاں بحق

یونان (ویب ڈیسک) ترکیہ سے یونان جانے والے غیر قانونی تارکینِ وطن کی تیز رفتار کشتی کو یونانی جزیرے لیسبوس کے قریب حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک شیرخوار بچے سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔
یونانی میڈیا اور کوسٹ گارڈ کے مطابق حادثہ لیسبوس کے جنوب مشرقی ساحل کے قریب پیش آیا، جہاں تارکینِ وطن کی کشتی سامنے سے آنے والی ایک دوسری کشتی سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے نتیجے میں تارکینِ وطن کی کشتی الٹ گئی۔
حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں چار مرد، ایک خاتون اور ایک شیرخوار بچہ شامل ہیں۔ ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے 8 افراد کو زندہ بچا لیا، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ تمام بچ جانے والوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
یونانی حکام نے واقعے کے بعد 37 سالہ ترک شہری کو مبینہ انسانی اسمگلنگ اور کشتی چلانے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے اور واقعے کے دیگر پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔



