اسٹار شپ کی پرواز، خلاء میں پراسرار روشن شے نے دنیا کو حیران کردیا

واشنگٹن (جانو ڈاٹ پی کے)اسپیس ایکس کی اسٹار شپ کی آزمائشی پرواز کے دوران خلاء میں نظر آنے والی ایک پراسرار روشن شے نے لائیو نشریات دیکھنے والے افراد کو حیران کردیا۔
رپورٹس کے مطابق اسٹار شپ کی پرواز کے دوران سوشل میڈیا صارفین نے خلائی جہاز کے عقب میں ہلکی نیلی رنگت کی ایک خم دار روشن لکیر دیکھی، جس کے سرے پر سفید روشنی بھی نمایاں تھی۔
پراسرار منظر کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں اور بعض صارفین نے اسے خلائی مخلوق کے جہاز سے جوڑتے ہوئے مختلف قیاس آرائیاں شروع کردیں۔
تاہم خلائی ماہرین اور شوقین افراد نے ایسی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے اس منظر کی ممکنہ سائنسی وضاحت پیش کی ہے۔
ماہرین کے مطابق نظر آنے والی روشن ساخت غالباً سپر ہیوی بوسٹر کے انجن بند ہونے اور اسٹار شپ سے علیحدگی کے بعد خارج ہونے والی باقی ماندہ گیس کا پھیلتا ہوا بادل تھی۔
خلاء کے انتہائی کم دباؤ والے ماحول میں گیس تیزی سے پھیل سکتی ہے، جبکہ سورج کی روشنی اس گیس کے ذرات سے منعکس ہونے کے باعث یہ منظر ایک غیر معمولی روشن اور پراسرار شکل اختیار کرسکتا ہے۔
یوں سوشل میڈیا پر خلائی مخلوق سے متعلق قیاس آرائیوں کے برعکس اس واقعے کی زیادہ قابلِ قبول وضاحت راکٹ کے آپریشن اور خلاء میں گیس کے پھیلاؤ سے متعلق بتائی جا رہی ہے۔



