بلوچستان میں حکومتی رٹ ختم ہوگئی،پہلے وہاں گورنر راج لگائیں،شاندانہ گلزار

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما شاندانہ گلزار نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے ممکنہ نفاذ سے متعلق بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر گورنر راج لگانا ہے تو پہلے بلوچستان میں لگایا جائے، جہاں ان کے بقول حکومت کی 80 فیصد رٹ ختم ہوچکی ہے۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاندانہ گلزار نے کہا کہ پی ٹی آئی کو گورنر راج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، تاہم ان کے مطابق پہلے بلوچستان کی صورتحال پر توجہ دی جانی چاہیے۔انہوں نے اپنے حلقے میں امن و امان کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں روزانہ کی بنیاد پر دہشتگردی کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا وفاقی وزیر داخلہ کبھی ان علاقوں میں گئے ہیں۔شاندانہ گلزار نے کہا کہ پولیس لائنز دھماکے کی انکوائری بھی تاحال منظرعام پر نہیں آئی۔ملکی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ملک کی معاشی حالت خراب اور مہنگائی عروج پر ہے۔ انہوں نے حکومتی اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’فارم 47 والے‘‘ آئین کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی محاذ آرائی نہیں چاہتی، فوج اور پولیس ان کی اپنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ہم کتابوں والے لوگ ہیں، جہازوں والے نہیں۔‘‘شاندانہ گلزار نے مزید کہا کہ اسلام آباد کو کنٹینرز لگا کر ’’کنٹینرستان‘‘ بنا دیا گیا ہے، تاہم ان کے مطابق پی ٹی آئی 4 اکتوبر کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور جنید اکبر کے ساتھ مارچ میں شریک ہوگی اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔



