اسرائیلی وزیر اعظم نے دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز میں پائلٹ پر چاقو سے حملہ کو طیارہ گرانے کی کوشش قراردیدیا

دبئی (جانو ڈاٹ پی کے)دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز FZ1073 میں دورانِ پرواز انتہائی خوفناک واقعہ پیش آیا، جہاں کو پائلٹ نے مبینہ طور پر طیارے کے پائلٹ پر چاقو سے حملہ کرکے اسے زخمی کردیا اور بعد ازاں طیارہ گرانے کی کوشش کی۔

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے مطابق کو پائلٹ کی مبینہ کارروائی کے بعد طیارہ اچانک تیزی سے نیچے جانے لگا، جس پر مسافروں اور عملے کے ایک رکن نے کاک پٹ میں داخل ہوکر مبینہ حملہ آور کو قابو کیا۔

نیتن یاہو کے مطابق دیگر پائلٹس نے صورتحال سنبھالتے ہوئے طیارے کو سعودی عرب میں بحفاظت اتار لیا، جبکہ تمام مسافر محفوظ رہے۔

فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق طیارے کی پرواز کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک ہنگامی سگنل بھیجے جانے سے قبل طیارہ 30 سیکنڈ سے بھی کم وقت میں تقریباً 14 ہزار فٹ نیچے آیا۔

اسرائیلی حکام کے مطابق مبینہ حملہ آور عمان کا شہری ہے، جسے سعودی عرب میں طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد گرفتار کرلیا گیا۔ حکام کے مطابق سعودی حکام کو پائلٹ پر حملے اور طیارے کو نقصان پہنچانے کی مبینہ کوشش کی تحقیقات کرنا ہیں۔

اسرائیلی حکام نے ابتدائی جائزے میں واقعے کو مبینہ دہشت گرد حملہ قرار دیا ہے، تاہم واقعے کی حتمی نوعیت اور محرکات کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہوگا۔رائٹرز کے مطابق واقعے سے متعلق بعض تفصیلات کی آزادانہ طور پر فوری تصدیق نہیں ہوسکی۔

مزید خبریں

Back to top button