میکسیکو نیشنل گارڈ میں ننھے کتے کی بھرتی، ’کمانڈو‘ نے دھوم مچا دی

چشمہ، ہیلمٹ اور ٹیکٹیکل جیکٹ، ننھے ’کمانڈو‘ کی تصاویر وائرل

میکسیکو سٹی (جانو ڈاٹ پی کے) میکسیکو کی نیشنل گارڈ میں ایک ننھے سے چیہواہوا کتے کی شمولیت نے سب کی توجہ حاصل کرلی، صرف 7 کلو وزن اور 21 سینٹی میٹر قد رکھنے والا ’’کمانڈو‘‘ نیشنل گارڈ کا سب سے منفرد اور چھوٹا کینائن رکن بن گیا۔

13 ماہ کے کمانڈو کو چھوٹی جسامت کے باوجود خصوصی انداز میں تیار کیا گیا ہے۔ اسے ننھے چشمے، ٹیکٹیکل جیکٹ، ہیلمٹ اور سر پر نصب کیمرے سے لیس کیا گیا ہے۔

میکسیکو نیشنل گارڈ کے حکام کے مطابق کمانڈو کو صرف عوامی تقریبات میں بطور ماسکوٹ پیش کرنے کے لیے نہیں رکھا گیا بلکہ اسے تلاش اور امدادی کارروائیوں کے لیے بھی تربیت دی جا رہی ہے۔

تربیتی سیشن کے دوران ننھے کمانڈو نے سیڑھیاں چڑھنے اور مختلف رکاوٹیں عبور کرنے کی مشق کی، جبکہ اس کے ساتھ موجود ایک بڑے اور تربیت یافتہ کتے نے بھی یہ سرگرمیاں دیکھیں۔

کمانڈو کو تقریباً چھ ماہ قبل میکسیکو کی ریاست چیہواہوا میں اپنایا گیا تھا۔ اس کے بزرگ مالکان اس کی دیکھ بھال کرنے سے قاصر ہوگئے تھے، جس کے بعد نیشنل گارڈ نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔

کمانڈو اب شہری تقریبات، اسکول ایونٹس اور کمیونٹی پروگراموں میں بھی شرکت کرتا ہے۔ وہ میکسیکو کی یومِ آزادی کی پریڈ میں بھی نظر آچکا ہے اور سوشل میڈیا پر اس کے حوالے سے میمز اور اینیمیٹڈ تصاویر بھی گردش کر رہی ہیں۔

نیشنل گارڈ کے مطابق کمانڈو کی شمولیت کا مقصد اس تصور کو بھی بدلنا ہے کہ صرف بڑے قد و قامت والے کتے ہی سکیورٹی یا امدادی کام انجام دے سکتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button