متحدہ عرب امارات میں بین الامارات ریل سفر کے نئے دور کا آغاز

دبئی (جانو ڈاٹ پی کے) متحدہ عرب امارات میں بین الامارات ریل سفر کے نئے دور کا آغاز ہوگیا، دبئی کے ایلایس اسٹیشن سے اتحاد ریل کی مسافر ٹرین سروس کے تاریخی سفر کا آغاز کردیا گیا۔بدھ 30 ستمبر کی صبح مسافر ٹرین سروس کے افتتاحی سفر کے موقع پر اسٹیشن پر خاصی گہماگہمی دیکھنے میں آئی۔ سورج طلوع ہونے سے پہلے ہی آن لائن ٹکٹ بک کرانے والے مسافر اسٹیشن پہنچ گئے، جبکہ میڈیا نمائندوں اور غیر ملکی مسافروں کی بڑی تعداد بھی اس تاریخی سفر کا حصہ بننے کے لیے موجود تھی۔اتحاد ریل کی جانب سے مسافروں کا استقبال مفت ناشتے اور یادگاری تحائف سے کیا گیا۔ جیو سے گفتگو کرتے ہوئے مسافروں نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ دبئی میں شروع ہونے والے اس تاریخی ریل سفر کا حصہ بن رہے ہیں۔ٹرین کی روانگی سے قبل اسٹیشن پر موجود مجمع کے درمیان اچانک غیر ملکی فنکاروں نے فلیش ڈانس پیش کیا، جس پر مسافروں نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور تقریب کا ماحول مزید پرجوش ہوگیا۔اتحاد ریل کی مسافر سروس کا آغاز متحدہ عرب امارات میں مختلف ریاستوں کے درمیان جدید اور تیز رفتار ریل رابطے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



