بدین میں صفائی کا ناقص انتظام، معاملہ عدالت پہنچ گیا

بدین (جانو ڈاٹ پی کے)بدین شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور مچھروں کے تدارک کے لیے اسپرے نہ کیے جانے کے معاملے پر شہریوں نے میونسپل کمیٹی اور محکمہ صحت کے افسران کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بدین عبدالقدوس میمن کی عدالت میں درخواست کی سماعت کے دوران شہر میں صفائی ستھرائی، مچھر مار اسپرے اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق شکایات کا جائزہ لیا گیا۔

عدالت نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے ریکارڈ طلب کرلیا اور میونسپل کمیٹی کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ 6اکتوبر کو مکمل ریکارڈ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوں۔

درخواست گزاران شجاعت علی، عبدالعزیز بابو انڑ اور ایاز ملاح کے وکیل مانک خواجہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بدین شہر کو ہر ماہ کروڑوں روپے کی گرانٹ اور آمدنی حاصل ہونے کے باوجود مختلف علاقوں میں کچرے کے ڈھیر موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر کے نالوں اور گلیوں کی صورتحال بھی تشویشناک ہے، جبکہ صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔وکیل کے مطابق مچھروں کی بہتات نے بھی شہریوں کی پریشانی میں اضافہ کردیا ہے اور مچھروں کے تدارک کے لیے اسپرے کا مناسب انتظام نہیں کیا جا رہا۔عدالت کی جانب سے متعلقہ ریکارڈ طلب کیے جانے کے بعد معاملے کی مزید سماعت 6 اکتوبر کو ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button